لاہور (بیورو رپورٹ) امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم لیوی کے معاملے پر 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا ،لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد بہترین انداز میں آگے بڑھ رہی ہے، حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنا پڑے گی ، انہوں نے کہا کہ آٹا مافیا اور چینی مافیا کی موجودگی میں ملک ترقی نہیں کر سکتا، عوام نکل کر ہماری جدوجہد کا حصہ بنیں، کسانوں کو سستی کھاد نہیں مل رہی، ہمارے پیسوں سے سرکاری افسران بڑی بڑی گاڑیاں چلاتے ہیں۔
امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی کا کہنا تھا 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر ہڑتال کریں گے، اب مذاکرات ایسے نہیں ہوں گے کہ آپ کہیں دھرنا ختم کریں ہم مان لیں، دھرنا تب ختم ہو گا جب حکومت ہمارے مطالبات عملی طور پر مانے گی ، حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ لیوی کا بھتہ ٹیکس کسی صورت نہیں ہونا چاہیے، حکومت کو پٹرول کی قیمتیں کم کرنا پڑیں گی، اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو اسلام آباد کی طرف بھی مارچ کریں گے، یہ ہمیں روک نہیں سکیں گے، ہمارا کوئی کارکن قربانی سے دریغ نہیں کرے گا ، خیال رہے کہ جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک بھر کے گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے دے رکھے ہیں جو آج آٹھویں روز میں داخل ہو چکے ہیں۔

