کراچی (بیورو رپورٹ) پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے درمیان فضائی راستے سے پاکستان آنے والی درآمدی کھیپ پر کارگو تھرو پٹ چارجز (سی ٹی سی) کی وصولی کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہوگئے ، مفاہمت کی یادداشت پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے ڈائریکٹر کمرشل عبدالباسط جبکہ پاکستان سنگل ونڈو کی جانب سے چیف ڈومین آفیسر نوید عباس میمن نے دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت کارگو تھرو پٹ چارجز کی ادائیگی کو پاکستان سنگل ونڈو کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ساتھ مربوط کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں دستی اور کاغذی کارروائی کی جگہ ایک مربوط ڈیجیٹل نظام متعارف ہوگا ، نئے نظام کے ذریعے الیکٹرانک ادائیگی، دستاویزات کی خودکار تصدیق اور کارگو تھرو پٹ چارجز کی وصولیوں کی ریئل ٹائم نگرانی ممکن ہوگی، اس اقدام سے درآمدی کھیپ کے کلیئرنس اور چارجز کی ادائیگی کے عمل کو مزید آسان اور شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔

حکام کے مطابق ڈیجیٹل سی ٹی سی وصولی کا نظام 27 اگست 2026 سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر نافذ کیا جائے گا، نئے نظام کے نفاذ سے کاغذی کارروائی، بینک کے چکر اور طویل قطاروں کا خاتمہ ہوگا جبکہ وصولی کے عمل میں کارکردگی اور شفافیت بھی بہتر ہوگی۔
تقریب میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹس انجینئر صادق الرحمٰن، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ انجینئر سمیر سعید، پی ایس ڈبلیو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر افتاب حیدر سمیت دونوں اداروں کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
پی ایس ڈبلیو اور پی اے اے کے درمیان یہ تعاون حکومت پاکستان کی ڈیجیٹلائزیشن پالیسی سے ہم آہنگ قرار دیا جارہا ہے، حکام کے مطابق اس اقدام سے پاکستان کے ایئر کارگو نظام کو جدید بنانے، درآمدی تجارت میں سہولت پیدا کرنے اور کاروباری عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

