ایران پر امریکی پابندیاں، چین کا اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کا اعلان

بیجنگ (ویب ڈیسک) امریکا کی جانب سے چین کے اقتصادی شراکت دار ایران کے خلاف نئی پابندیوں کے اعلان کے بعد چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے گا۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ چین متعدد بار واضح کر چکا ہے کہ وہ غیر قانونی یکطرفہ پابندیوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے، چین اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

یاد رہے کہ چین ایران کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف عائد کی گئی نئی پابندیوں کو تاریخ کی سب سے بڑی مالیاتی کارروائی قرار دیا ہے ، امریکی وزیر خزانہ نے ایران کے خلاف اس اقدام کو اقتصادی ڈی ڈے قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ تمام معاشی روابط منقطع کر دے گا۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ مالی شراکت داری رکھنے والے ممالک کو بھی عالمی اقتصادی نظام سے الگ تھلگ کر دیا جائے گا ، چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین نے ہمیشہ غیر قانونی یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کی ہے، پابندیاں مسائل کے حل میں مددگار نہیں ہو سکتیں، معاشی جنگ اور دباؤ تنازعات کو مزید ہوا دے سکتے ہیں، یکطرفہ پابندیاں عالمی اقتصادی اور مالیاتی نظام کو نقصان پہنچاتی ہیں۔