عثمان وزیر نے اگلی انٹرنیشنل فائٹ کا اعلان کردیا، 26 ستمبر کو تھائی لینڈ میں انڈونیشین باکسر سے مقابلہ

لاہور (ویب ڈٰیسک) پاکستان کے نامور باکسر عثمان وزیر نے اپنی اگلی انٹرنیشنل فائٹ کا اعلان کر دیا ، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان وزیر کا کہنا تھا کہ 26 ستمبر کو تھائی لینڈ میں انڈونیشیا کے باکسر ایری آگسٹن کے مدمقابل ہوں گے ، اُنہوں نے کہا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے بھرپور تیاری کر رہے ہیں اور تھائی لینڈ میں ہونے والی فائٹ میں بھی کامیابی حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

پاکستانی باکسرکا کہنا تھا کہ اگر پاکستان باکسنگ فیڈریشن تعاون کرے تو وہ اولمپکس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، عثمان وزیر نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام اور باکسنگ فیڈریشن پاکستانی باکسرز کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم باصلاحیت کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں تک رسائی اور مناسب سرپرستی کی ضرورت ہے ، پاکستانی باکسر کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کرنے اور عالمی سطح پر ملک کا پرچم بلند کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔