نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے تحت بنیادی اور کمیونٹی سطح پر ضروری اقدامات کا پیکج تیار.وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے تحت بنیادی اور کمیونٹی سطح پر ضروری اقدامات کا پیکج تیار کیا ہے ،بہتر اقدامات کی بدولت پاکستان کے یونیورسل ہیلتھ کوریج انڈیکس میں مسلسل بہتری آئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قاہرہ میں عالمی ادارہ صحت کے 72ویں مشرقی بحیرہ روم علاقائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کےلیے پر عزم ہیں ،صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کےلئے موثر اقدامات جاری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے صحت کے شعبے میں تیاری اور فوری ردعمل کی صلاحیت کو بہتر بنایا ہے جس میں ملکی سرمایہ کاری اور شراکت داروں کے تعاون نے کلیدی کردار ادا کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے پاکستان نے پختہ عزم کر رکھا ہے ، 4 کروڑ 50 لاکھ بچوں کو ویکسین لگانے کی بھرپور مہم جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مؤثر نگرانی کا نظام اور مربوط کوششیں کی جا رہی ہیں ،گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشی ایٹو کے شراکت داروں کا کردار قابل تحسین ہے ،سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کی مسلسل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان 2026–2035 کی نیشنل ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پالیسی کو حتمی شکل دے رہی ہے ، ویکسین کی مقامی پیداوار میں خود کفالت کےلیے اقدامات جارہی ہیں ،ان میں ٹیلی میڈیسن سمیت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا انضمام، اور “ایک مریض، ایک شناخت” جیسے اقدامات شامل ہیں ،اس کے علاوہ مؤثر ڈیٹا مینجمنٹ اور یونیورسل میڈیکل ریکارڈ کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کو چاہیے کہ وہ تکنیکی معاونت اور ہم آہنگی کے لیے اپنا قائدانہ کردار جاری رکھے ۔