فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان سمیت دنیا بھر میں ذیا بیطس کا عالمی دن کل 14نومبر بروزجمعہ کومنایا جائے گا۔ اس موقع پر عالمی ادارہ صحت،سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل انسٹی ٹیوشنز ڈیپارٹمنٹ، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، وزارت صحت، ذیا بیطس فاؤنڈیشن پاکستان، اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن سمیت دیگر تنظیموں کے اشتراک سے فیصل آباد سمیت ملک بھر کے تمام صوبائی، ڈویژنل،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز پر خصوصی کانفرنسز، سیمینارز، ورکشاپس، میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ عوام میں شعوری بیداری پیدا کرنے کیلئے واکس بھی منعقد کی جائیں گی جس میں تمام مکاتب فکر کے افراد شرکت کریں گے۔
اس موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر کرے گا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین شائع کئے جائیں گے۔محکمہ صحت فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ عالمی ادارہ صحت کے حالیہ سروے کے مطابق اس وقت دنیا میں 220ملین افراد شوگر کے عارضہ میں مبتلا ہیں جبکہ خدشہ ہے کہ یہ تعداد سال 2030 میں بڑھ کر دوگنی ہو جائے گی۔ انہوں نے بتا یا کہ کم و متوسط آمدنی والے ممالک میں ذیابیطس کے مریضوں میں اموات کی شرح 80فیصد تک ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ اس موقع پر شوگر کے مرض کے بارے میں عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے خصوصی اقدامات بھی کئے جائیں گے اور اس مرض کے تدارک سمیت حفاظتی تدابیر سے بھی عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
انہوں نے بتا یا کہ انٹر نیشنل ذیا بیطس فاؤنڈیشن بھی دنیا بھر میں شوگر کے خاتمہ کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ شوگر کے مریضوں کیلئے 1922 میں طویل تحقیق کے بعد انسولین دریافت کی گئی جو ذیابیطس کے مریضوں کیلئے لائف سیونگ ٹریٹمنٹ کا کردار ادا کررہی ہے۔

