اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرِ صحت سیدمصطفی کمال نے کہا ہے کہ گلوبل فنڈ ایچ آئی وی/ایڈز، تپِ دق (ٹی بی) اور ملیریاکی بیماریوں کے پروگرامز میں پاکستان کا ایک اہم اور دیرینہ شراکت دار ہے۔ انہوں نے یہ بات جنیوا میں گلوبل فنڈ کے سی ای او پیٹر سینڈز سے ملاقات کے دوران کہی۔
دو نوں رہنماؤں نے پاکستان میں ایچ آئی وی/ایڈز، تپِ دق (ٹی بی) اور ملیریا کی روک تھام اور علاج سے متعلق پیشرفت پر تبادلہ خیال اور جاری تعاون پر اطمینان کا اظہارکیا اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ان بیماریوں کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات جاری ہیں ،صحت کے شعبے میں گلوبل فنڈز کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔ پاکستان کے مستقل نمائندہ برائے جنیوا ڈاکٹر بلال احمد بھی وزیرِ صحت کے ہمراہ تھے۔

