اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کو ایک بریفنگ اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے آئندہ دورے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، وزیرِ اعظم 19 سے 23 جنوری 2026 تک ڈیووس-کلوسترز، سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف)کے 56ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
پیر کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری خارجہ اور جنیوا میں پاکستان کے مستقل نمائندے سمیت سینئر حکام نے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو تیاریوں، مجوزہ پروگرام اور ورلڈ اکنامک فورم کے ایجنڈے کے بارے میں بریفنگ دی۔ دورے کے دوران دوطرفہ ملاقاتوں کے پہلو اور وسیع میڈیا مصروفیات کے حوالے سے بھی تفصیل سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے ہدایت کی کہ آنے والے سربراہانِ مملکت، سربراہانِ حکومت اور اقتصادی، کاروباری و مالیاتی اداروں کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کو زیادہ سے زیادہ مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ نجی شعبے کے کاروباری اداروں کے ساتھ تعاون کے مواقع تلاش کیے جائیں۔

