نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے عاصم افتخار کی ملاقات

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے عاصم افتخار نے منگل کو یہاں دفتر خارجہ میں ملاقات کی اور عالمی ادارے میں اپنی مصروفیات بارے آگاہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عاصم افتخار نے نائب وزیراعظم کو نیویارک میں پاکستانی مشن خصوصاً اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر اداروں میں اپنی مصروفیات بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر اور فلسطینی کاز سمیت کثیر الجہتی فورمز پر پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیحات پیش کرنے کے لیے مشن کی مسلسل اور مستقل کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عالمی امن، سلامتی اور اقتصادی ترقی کے حصول میں اقوام متحدہ اور کثیرالجہتی اداروں کی اہمیت پر زور دیا۔