گورنر خیبرپختونخوا سے وزیر اعظم آزاد کشمیر اور سابق وزیر اعظم کی ملاقات، نواب سرفراز بگٹی کو دستار پہنائے جانے پر مبارکباد

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس سے ملاقات کی، جس میں خیبرپختونخوا اور کشمیر کے تاجروں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

گورنر آفس کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں کشمیر میں نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کے مختصر عرصے میں بھرپور فعال کردار کو سراہا اور انہیں خیبرپختونخوا دورے کی دعوت دی تاکہ صوبائی قیادت اور تاجر کمیونٹی کشمیری قیادت کے قریب آسکیں۔

اسی سلسلے میں گورنر خیبرپختونخوا نے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب سرفراز بگٹی کو چیف آف بگٹی کی دستار پہنائے جانے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ گورنر نے کہا کہ یہ دستار عوام کے اعتماد، قبائلی روایات اور قیادت کی صلاحیتوں کی علامت ہے اور امید ظاہر کی کہ نواب سرفراز بگٹی بلوچستان اور پاکستان کی خدمت، امن، ترقی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔