اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں2نئی ٹیموں کی شمولیت سے گراس روٹ کی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو ابھرنے میں مدد ملے گی، یہ امر خوش آئند ہے کہ بڈنگ کے لئے بین الاقوامی فرمز سامنے آئیں ،اس عمل سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ ملا،سمندر پارپاکستانیوں نے ہمیشہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان سپر لیگ میں2نئی ٹیموں کی بڈنگ جیتنے والی فرمز کے نمائندگان نے ملاقات کی۔نمائندگان میں ٹیم سیالکوٹ حاصل کرنے والی فرم ’’او-زیڈ ڈویلپر‘‘ کے حمزہ مجید اور ٹیم حیدرآباد حاصل کرنے والی فرم ’’ایف کے ایس‘‘کے فواد سرور شامل تھے۔ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے وزیراعظم نے ٹیم سیالکوٹ اور ٹیم حیدرآباد کے نمائندگان کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔وزیراعظم نے کامیاب بڈنگ کے عمل پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سید محسن رضا نقوی اور پی سی بی منیجمنٹ کو خراج تحسین پیش کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کے لئے بولی کا عمل ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کیا گیا جو کہ اس کی شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ،دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے گراس روٹ کی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو ابھرنے میں مدد ملے گی ، یہ دو نئی ٹیمیں پی ایس ایل کے لئے تازہ ہوا کے ایک جھونکا ثابت ہوں گی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ ان دو ٹیموں کی بڈنگ کے لئے بین الاقوامی فرمز سامنے آئیں،اس عمل سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ ملا ،سمندر پار مقیم پاکستانی ہمیشہ سے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے آئے ہیں ،پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کی بڈنگ کے عمل میں جس طرح سے ملکی و بین الاقوامی فرمز نے دلچسپی دکھائی اس سے بین الاقوامی سطح پر پی ایس ایل کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔

