اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)جدہ میں او آئی سی کونسل آف وزرائے خارجہ کے 22ویں غیر معمولی اجلاس کے موقع پر نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مالدیپ اور آذربائیجان کے حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں،وزارت خارجہ کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے مالدیپ کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر عبداللہ خلیل نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
اسی موقع پر سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے آذربائیجان کے نائب وزیرِ خارجہ یالچن رفیعوف نے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں کی اہمیت کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی قیادت دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے،یہ ملاقاتیں پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ہمسایہ اور دوستانہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون کو فروغ دینے کی کاوشوں کا حصہ ہیں۔

