لاہور (بیورو رپورٹ) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور زون نے انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والے ملزمان میں اشتہاری محمد عبید اور محمد ارحم شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو راولپنڈی اور لاہور سے گرفتار کیا گیا اور ابتدائی تحقیقات کے دوران ان پر یہ الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے شہریوں کو آسٹریلیا اور پرتگال میں ملازمت ویزا دلانے کا جھانسہ دے کر تقریباً 92 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے۔
ملزمان کی گرفتاری کے بعد ایف آئی اے نے ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور کہا گیا ہے کہ نیٹ ورک کے دیگر ممبران کی گرفتاری کے لیے بھی آپریشن جاری ہے۔ ایف آئی اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ کے جھانسوں میں نہ آئیں اور کسی بھی مشکوک پیشکش کی اطلاع فوراً متعلقہ حکام کو دیں۔

