اسلام آباد (کرائم رپورٹر )آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی سینئر پولیس افسران کے ساتھ زوم میٹنگ کا انعقاد آئی جی اسلام آباد نے امن و امان کی مجموعی صورتحال، انسدادِ دہشتگردی کے اقدامات، اہم سرکاری و حساس تنصیبات کی سکیورٹی، اور سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کا جائزہ لیا،تمام افسران کو شہر بھر میں پولیس گشت مزید موثر بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت زوم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، ڈی آئی جی سکیورٹی محمد عتیق طاہر، اے آئی جی آپریشنز شعیب مسعود، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی سی ٹی ڈی اور تمام زونل ایس پیز نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال، انسدادِ دہشتگردی کے اقدامات، اہم سرکاری و حساس تنصیبات کی سکیورٹی، اور سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں شہر بھر میں پولیس گشت مزید موثر بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ پتنگ بازی، کیمیکل ڈور کی تیاری اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ موثر حکمتِ عملی، فوری ردِعمل اور عوام دوست پولیسنگ کے اصولوں کے تحت زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ دارالحکومت میں امن و امان کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جا سکے.

