عوامی اعتماد کا فروغ ہی پولیس کی کامیابی کا اصل معیار ہے . آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) عوامی اعتماد کا فروغ ہی پولیس کی کامیابی کا اصل معیار ہے،آئی جی اسلام آباد نے تھانہ جات کے ڈی ڈی او افسران کے ساتھ اجلاس میںجاری ترقیاتی منصوبوں، بجٹ و اخراجات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ، جبکہ پیشہ ورانہ اقدامات، منصوبہ بندی اور شفافیت کے ذریعے عوام کو موثراور معیاری خدمات کی فراہمی کیلئے خصوصی احکامات جاری ۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اسلام آباد کے تمام تھانہ جات کے ڈی ڈی او زکا ایک جامع اور اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں تمام تھانہ جات میں جاری ترقیاتی منصوبوںکی پیش رفت سمیت بجٹ کے بروقت اور شفاف استعمال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ، آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور سرکاری وسائل کے استعمال میں کسی بھی قسم کی غفلت یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوام کو موثر، بروقت اور معیاری پولیس خدمات کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے،جبکہ پیشہ ورانہ اقدامات، بہتر منصوبہ بندی، مالی نظم و ضبط اور شفافیت کے ذریعے پولیس نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے .

آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ تھانہ کی سطح پر عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے، پولیس رویے میں بہتری لائی جائے اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد کا فروغ ہی پولیس کی کامیابی کا اصل معیار ہے،اجلاس میں مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا جس میں تھانہ جات کی استعداد کار میں اضافہ، بنیادی سہولیات کی بہتری، اور پولیسنگ کے جدید تقاضوں کے مطابق انتظامی اصلاحات شامل ہیں .

آئی جی اسلام آباد نے واضح کیا کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، دیانتداری اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ اسلام آباد پولیس کو ایک مثالی اور عوام دوست فورس بنایا جا سکے،اجلاس کا مقصد تھانہ جات میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بجٹ کی دستیابی، فنڈز کے درست استعمال، اخراجات کی شفافیت اور عوام کو بہتر پولیس خدمات کی فراہمی کے لیے موثر حکمتِ عملی کا جائزہ لینا تھا.