خوشحال گڑھ میں پتنگ بازی کے خلاف کارروائی، بھاری مقدار میں پتنگیں اور دھاتی ڈور برآمد

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)ریجن راولپنڈی کے ضلع اٹک میں پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پوسٹ خوشحال گڑھ نے پتنگ بازی کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں پتنگیں اور دھاتی ڈور برآمد کر لیں۔تفصیلات کے مطابق 5 فروری 2025 کو دوران شفٹ سوئم، پی ایچ پی خوشحال گڑھ کے عملے نے حسبِ ضابطہ ایک مشکوک کار نمبر BHE-840 کو روک کر تلاشی لی۔ گاڑی میں سوار ڈرائیور ذیشان ولد اجمل خان سکنہ جنگل خیل کوہاٹ کی گاڑی کی ڈگی سے 200 پتنگیں اور 02 دھاتی ڈور برآمد ہوئیں .

جبکہ گاڑی کی پچھلی سیٹ پر بیٹھے شخص مکرم زمان ولد خان زمان کے قبضے سے 150 پتنگیں اور 06 دھاتی ڈوریں برآمد کی گئیں برآمدگی کے بعد دونوں ملزمان کے خلاف دفعہ 4 کائیٹ فلائنگ آرڈیننس 2001 کے تحت مقدمہ درج کر کے انہیں ڈیوٹی آفیسر تھانہ جنڈ کے حوالے کر دیا گیا پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کے مطابق پتنگ بازی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔