بحریہ انکلیو میں ایف آئی اے کا بڑا چھاپہ، 25 کروڑ مالیت کے غیر قانونی ڈینٹل امپلانٹس ضبط

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سیل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بحریہ انکلیو میں واقع ایک نجی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کا غیر قانونی سامان برآمد کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران تقریباً 25 کروڑ روپے مالیت کے ہزاروں ڈینٹل امپلانٹس ضبط کیے گئے، جنہیں غیر قانونی طور پر تیار کیا جا رہا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ڈینٹل امپلانٹس کی تیاری کے لیے متعلقہ حکام سے کوئی رجسٹریشن یا قانونی اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران برآمد ہونے والا تمام سامان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا عمل جاری ہے اور تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق ملکی تاریخ میں ڈینٹل امپلانٹس کے حوالے سے یہ اپنی نوعیت کی پہلی بڑی کارروائی ہے، جس کا مقصد غیر قانونی طبی آلات کی تیاری اور فروخت کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔ ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ صحت عامہ سے کھیلنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی.