لاہور(کامرس رپورٹر ) صوبہ پنجاب میں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ٹیکس آمدنی 227 ارب 85 کروڑ روپے تک پہنچ گئی جبکہ صوبے کی مجموعی سالانہ ٹیکس آمدنی کا ہدف 527 ارب 70 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ذرائع کے مطابق حکومت نے ہدف حاصل نہ کرنے والے محکموں کو کارکردگی بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے اور واضح کیا ہے کہ بجٹ اہداف ہر صورت مکمل کیے جائیں اعداد و شمار کے مطابق توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کی کارکردگی انتہائی کم رہی، چھ ماہ کے دوران ان دونوں شعبوں سے صرف 78 کروڑ روپے ٹیکس وصول کیا جا سکا جبکہ سالانہ ہدف 9 ارب 70 کروڑ روپے مقرر ہے۔
بورڈ آف ریونیو کا سالانہ ہدف 105 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے تاہم ادارہ پہلی ششماہی میں صرف 35 ارب 69 کروڑ روپے اکٹھے کر سکا پنجاب ریونیو اتھارٹی نے سب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ ماہ میں 147 ارب روپے جمع کیے، اسی طرح ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپاٹمنٹ نے 70 ارب روپے کے ہدف میں سے 43 ارب 41 کروڑ روپے وصول کر لیے حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ باقی ماندہ مدت میں ٹیکس وصولی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ مقررہ بجٹ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

