ایف آئی اے لاہور کا کریک ڈاؤن، ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

لاہور (بیورو رپورٹ)وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) لاہور نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت سنیل جیمز اور محمد اشفاق کے نام سے ہوئی ہے جنہیں لاہور کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا تحقیقات کے مطابق ملزم سنیل جیمز نے ایک شہری کو کینیڈا کے ورک ویزے کا جھانسہ دے کر 86 لاکھ روپے ہتھیا لیے۔ جبکہ ملزم محمد اشفاق نے ایک شہری کو کمبوڈیا بھجوانے کے نام پر 7 لاکھ روپے وصول کیے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق متاثرہ شہری کو کمبوڈیا پہنچنے پر وہاں کی امیگریشن نے جعلی ہوٹل بکنگ کی وجہ سے واپس پاکستان رپورٹ کر دیا تھا ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔