آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا سکیورٹی انتظامات کا جائزہ، تراویح کے دوران مساجد و امام بارگاہوں کا دورہ

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا ضلع بھر میں سکیورٹی انتظامات، سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز، انسدادِ دہشتگردی کے لئے جاری کارروائیوں اور شہریوں کی حفاظت و سہولت کے اقدامات کا جائزہ ۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے نمازِ تراویح کے دوران مختلف مساجد و امام بارگاہوں کے سکیورٹی انتظامات کا ازخود جائزہ لیا۔تمام افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں مزید مستعدی اور ذمہ داری کے احساس کے ساتھ فرائضِ منصبی کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد جواد طارق، اے آئی جی آپریشنز محمد شعیب مسعوداور ایس ایس پی سی ٹی ڈی محمد ارسلان شاہزیب نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران آئی جی اسلام آباد نے ضلع بھر میں سکیورٹی انتظامات، سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز، انسدادِ دہشت گردی کے سلسلے میں جاری کارروائیوں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے افسران کو دیئے گئے مختلف ٹاسکس پر عملدرآمد کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا اور انہیں کارکردگی کو مزید مو¿ثر بنانے کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے سنٹرل پولیس آفس میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

کھلی کچہری میں شہریوں اور پولیس افسران نے شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات پیش کیں۔ آئی جی اسلام آباد نے تمام شہریوں کی شکایات اور افسران کے مسائل توجہ سے سنے اور ان کے فوری حل کے لئے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو واضح ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کو میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر فوری حل کرنا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی شہری کو پولیس سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلا جھجھک کھلی کچہری میں آ کر اپنا مسئلہ پیش کر سکتا ہے۔

بعد ازاں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصررضوی نے نمازِ تراویح کے دوران شہر کی مختلف مساجد اور امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور وہاں سکیورٹی انتظامات کا ازخود جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و جوانوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔آئی جی اسلام آباد نے افسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ مزید مستعدی، پیشہ وارانہ مہارت اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے موثر طور پر نمٹا جا سکے .