ڈی آئی جی اسلام آباد کا سنگین مقدمات کی تفتیش پر اجلاس، میرٹ اور شفافیت کے ساتھ جلد چالان عدالتوں میں بھیجنے کی ہدایت

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد جواد طارق نے سنگین جرائم کے زیرِ تفتیش مقدمات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں تفتیشی افسران اور مدعیانِ مقدمات نے شرکت کی ، اجلاس کے دوران ڈی آئی جی اسلام آباد نے مختلف زیرِ تفتیش مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت کی کہ مقدمات کی تفتیش میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد یکسو کر کے چالان مجاز عدالتوں میں بھجوائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سنگین جرائم کے انسداد اور ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے افسران کو ہدایت کی کہ جرائم کی بیخ کنی کے لیے مؤثر پٹرولنگ کو یقینی بنایا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گرفت مزید مضبوط کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بدلتے دور کے تقاضوں کے مطابق تفتیشی عمل کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ مقدمات کی بروقت اور مؤثر تفتیش ممکن ہو سکے بعد ازاں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے رمضان المبارک کے دوران نمازِ تراویح اور سحری کے اوقات میں ضلع بھر کی مختلف مساجد کے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور بہترین کارکردگی پر انہیں شاباش دی۔

اس موقع پر ڈی آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور کسی بھی شرپسند عنصر کو شہریوں کے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔