سیالکوٹ (بیورو رپورٹ) سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک مسافر کی بیرون ملک غیر قانونی نقل و حرکت ناکام بنا دی۔ مسافر جنید علی، جو عمرہ کے بہانے سفر کر رہا تھا، کو مشکوک قرار دیا گیا۔
تلاشی کے دوران اس کے سامان سے ڈائری نکالی گئی، جس کے خفیہ حصے میں کینیڈین پاسپورٹ چھپا ہوا تھا۔ مسافر نے جعلی شناختی معلومات استعمال کر کے خود کو افغان شہری ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ ایف آئی اے نے بتایا کہ ایجنٹوں نے 1 کروڑ 50 لاکھ روپے کے عوض اسے کینیڈا پہنچانے کا منصوبہ بنایا تھا اور رقم سیالکوٹ سے کینیڈا ہنڈی حوالہ کے ذریعے منتقل کی گئی منصوبے کے مطابق مسافر سعودی عرب پہنچ کر پاکستانی دستاویزات ضائع کرتا اور کینیڈین پاسپورٹ کے ذریعے کینیڈا داخل ہوتا، تاہم ایف آئی اے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل سیالکوٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے، اور تفتیش جاری ہے۔

