راولپنڈی(کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے چیف سکیورٹی آفیسر راولپنڈی نے یوم انہدام جنت البقیع کے جلوس کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری کر دیا۔چیف سکیورٹی آفیسرٹریفک انسپکٹر محمد وسیم کے مطابق یوم انہدام جنت البقیع کا جلوس 28مارچ کو امام بارگاہ نا صر العزاء وارث خان سٹاپ سے جلوس نکالا جائے گا جو کہ مری روڈ، کمیٹی چوک،اقبال روڈ، عالم خان روڈ سے ہوتا ہوا کرنل مقبول امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔
جلوس کے راستوں پر ٹریفک پولیس کے 200افسران و جوان ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔جلوس کے اوقات میں مریڑ چوک سے مری روڈ جانے والی ٹریفک کو پہلے مرحلہ میں لیاقت باغ سے ٹیپو روڈ اور دوسرے مرحلہ میں جنگ بلڈ نگ سے جانب مریڑ چوک ڈائیورٹ کیا جائے گا جبکہ فیض آباد کی طرف سے آنے والی ٹریفک کو چاندنی چوک فلائی اوور کے نیچے سے راول روڈ کی طرف بھیجا جائے گا۔نیا محلہ چوک،DAVکالج چوک اور چائنہ مارکیٹ سے جانب امام بارگاہ چوک مکمل ڈائیورشن ہو گی۔
اس مو قع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی و تخریب کاری کے تدارک اور امن امان کی یقینی بنانے کے لیے ٹریفک پولیس ٹیم ورک اور مکمل کوآرڈینشن کے ساتھ ضلعی پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔مقام جلوس کے قریب کسی قسم کی ٹریفک کو نہیں آنے دیا جائے گااور جلوس کے روٹ کو مکمل کلیئر رکھا جائے گا۔ انھوں نے تمام افسران و جوانوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ محنت اور ذمہ داری کے ساتھ ڈیوٹی کو فرض سمجھ کر سر انجام دیں اور ٹریفک پلان پر عمل درآمدکروائیں۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

