اسلام آباد (کرائم رپورٹر )آئی جی اسلام آباد / ایم ڈی نیشنل پولیس فاونڈیشن سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد ، آئی جی اسلام آباد / ایم ڈی نیشنل پولیس فاونڈیشن نے پولیس افسران کی ویلفیئر سے متعلق امور، نیشنل پولیس ہسپتال، نیشنل پولیس فاونڈیشن ایجوکیشن سسٹم اور دیگر فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے تمام افسران کو پولیس افسران کی ویلفیئر کے لئے مزید اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کئے۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد/مینیجنگ ڈائریکٹر نیشنل پولیس فاونڈیشن سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک جمیل ظفر، اے آئی جی لاجسٹکس عبدالحق عمرانی، اے آئی جی جنرل سید عنایت علی شاہ سمیت نیشنل پولیس فاو¿نڈیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران آئی جی اسلام آباد/ایم ڈی این پی ایف نے پولیس افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر نیشنل پولیس ہسپتال، نیشنل پولیس فاونڈیشن ایجوکیشن سسٹم اور دیگر فلاحی منصوبوں کی پیش رفت پر بھی غور کیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران و جوانوں، شہداءکے اہلخانہ اور ان کے بچوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جائے اور اس سلسلے میں ہر ممکن موثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ویلفیئر سے متعلق تمام منصوبوں کو مربوط حکمت عملی کے تحت مزید فعال اور نتیجہ خیز بنایا جائے تاکہ مستحق افراد کو بروقت اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے نیشنل پولیس ہسپتال کے تعمیراتی کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید طبی سہولیات سے آراستہ یہ ہسپتال پولیس افسران و جوانوں اور ان کے اہلخانہ کو معیاری اور فوری طبی خدمات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ایجوکیشن کے شعبے پر زور دیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے این پی ایف ایجوکیشن سسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و جوانوں کے بچوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کے بچوں کو بھی معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ یہ ادارہ تعلیمی میدان میں ایک مثالی مقام حاصل کر سکے۔ مزید برآں انہوں نے نصاب کی بہتری، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔دیگر فلاحی منصوبوں کے حوالے سے انہوں نے شفافیت، میرٹ اور موثر نگرانی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی، تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات بلا امتیاز تمام لوگوں تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام فلاحی اقدامات کو ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے مزید شفاف اور قابلِ رسائی بنایا جائے، جبکہ شکایات کے ازالے کے موثر نظام کو بھی فعال کیا جائے۔آخر میں آئی جی اسلام آباد/ایم ڈی نیشنل پولیس فاونڈیشن سید علی ناصر رضوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پولیس فورس ہمارے معاشرے کا اہم ستون ہے، اور اس کے افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ ہم اس بات کے پابند ہیں کہ نہ صرف اپنے افسران بلکہ شہداءکے اہلخانہ اور ان کے بچوں کو بہترین سہولیات فراہم کریں۔ نیشنل پولیس فاونڈیشن کو ایک مضبوط، شفاف اور عوام دوست ادارہ بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہم اس مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے.

