اسلام آباد(کرائم رپورٹر )ایف آئی اے نے ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف ملک گیر کارروائی کے دوران اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ لاہور ایئرپورٹ پر فیملی آف لوڈ کر دی گئی جب وہ وزٹ ویزا کے ذریعے سری لنکا جا کر سیاسی پناہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق بہاولپور سے تعلق رکھنے والی فیملی کے مسافروں کا سفری پلان غیر واضح تھا، نہ ہی ان کے پاس ہوٹل بکنگ یا مالی وسائل موجود تھے۔ خاتون مسافر رخسانہ نے انکشاف کیا کہ اس کا شوہر گزشتہ 5 سال سے سری لنکا میں اقوام متحدہ کے تحت سیاسی پناہ حاصل کیے ہوئے ہے۔
ایف آئی اے نے مسافروں کے ویزٹ ویزا کے ذریعے اصل مقصد چھپانے کی کوشش کو ناکام بنایا اور انہیں آف لوڈ کر دیا۔ مزید کارروائی کے لیے کیس اے ایچ ٹی سی کراچی کو منتقل کر دیا گیا ہے ، اسی دوران ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے ایک ہی دن میں 16 انسانی اسمگلرز، جن میں ایک اشتہاری بھی شامل ہے، گرفتار کر کے سخت کریک ڈاؤن جاری رکھا۔ گرفتار ملزمان میں قیصر محمود تبسم، ملک فہد، صائم سلطان، نعمان علی، علی رضا، آکاش حمزہ، غلام اصغر، تحسیب سرور، اسد، خرم طفیل، محمد عثمان، حماد عثمان، عبدالرحمٰن، ناصر ارشاد، زریاز علی اور محمد جمشید شامل ہیں۔ ملزمان گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین اور سیالکوٹ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیے گئے اور انہوں نے مجموعی طور پر 3 کروڑ 19 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔
لاہور ایئرپورٹ پر ایک اور اہم گرفتاری میں ملزم محمد احسان طارق کو گرفتار کیا گیا، جو جعلی شناخت پر ایف زیڈ 360 کی پرواز کے ذریعے اٹلی جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ ملزم نے خود کو محمد رحمان طارق ظاہر کیا، جبکہ اصل میں وہ اپنے بھائی کے دستاویزات استعمال کر رہا تھا۔ ملزم 2016 سے 2018 تک اٹلی میں قیام کر چکا ہے اور اطالوی زبان سے بھی بخوبی واقف ہے۔ مزید کارروائی کے لیے ملزم انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا ہے یہ کارروائیاں ملک میں انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے خلاف سخت اقدامات کی عکاس ہیں اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

