اسلام آباد (کرائم رپورٹر) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ انسانی اسمگلر شہباز احمد عرف شہباز حیدری کو گرفتار کر لیا ہے، جس کا نام ریڈ بک میں انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل تھا ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف 16 سے زائد مقدمات درج ہیں اور وہ گزشتہ 11 سال سے مختلف کیسز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے شہریوں نے کھلی کچہری میں بھی متعدد شکایات درج کروائی تھیں۔
تحقیقات کے مطابق ملزم شہریوں کو سمندر کے راستے اٹلی بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے بٹورتا تھا۔ وہ غیر قانونی طریقوں سے ایران کے راستے ترکی اور لیبیا پہنچانے اور بعد ازاں یورپ سمندری راستے سے اسمگل کرنے میں ملوث پایا گیا مزید انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے بھاری رقوم کے عوض سربیا اور انڈونیشیا کے جعلی ویزے بھی فراہم کیے اور غیر قانونی ہجرت کے ایک منظم نیٹ ورک کا سرغنہ تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کی گرفتاری انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہے۔ اس کے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرین کو تشدد کا نشانہ بنانے اور تاوان وصول کرنے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر کرداروں کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔

