کراچی میں حوالہ/ہنڈی نیٹ ورک کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائی، تین ملزمان گرفتار

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف آئی اے کے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے غیر قانونی حوالہ/ہنڈی نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ترجمان ایف آئی اے کے مطابق خفیہ اطلاع پر کے ایم سی ایچ ایس سوسائٹی، کراچی ایسٹ میں چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران ملزمان اشفاق احمد، انس اشفاق اور شاریق کو گرفتار کیا گیا گرفتار ملزمان غیر قانونی حوالہ/ہنڈی کے کاروبار میں ملوث پائے گئے۔ ان کے قبضے سے 56 لاکھ 52 ہزار 920 روپے نقد، 6 موبائل فونز اور حوالہ/ہنڈی لین دین کا ریکارڈ (لیجر) برآمد کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق موبائل فونز سے غیر قانونی مالی لین دین کے اہم شواہد بھی حاصل ہوئے جبکہ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے جرم کا اعتراف کر لیا ملزمان کو برآمد شدہ رقم اور شواہد سمیت ایف آئی اے سی بی سی تھانے منتقل کر دیا گیا ہے، اور ان کے خلاف مقدمہ نمبر 35/2026 درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے ایف آئی اے نے کہا ہے کہ حوالہ/ہنڈی نیٹ ورکس کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے اور مالی جرائم میں ملوث عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔