راولپنڈی میں بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے خلاف سخت کارروائی کا حکم، ہزاروں چالان جاری

راولپنڈی ( کرائم رپورٹر )چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے حادثات کی روک تھام کیلئے سرکل و سیکٹر انچارجز کو بغیر ڈرائیونگ لائسنس ڈرائیونگ کرنیوالوں کیخلاف سخت کاروائی کے احکامات جاری کر دیے۔چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کے مطابق رواں ماہ ابتک 13ہزار سے زائد شہریوں کو نئے ڈرائیونگ لائسنس جاری ہوئےجبکہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس ڈرائیونگ کرنے پر5ہزار 8سو 98چالان کیے گئے۔سی ٹی او راولپنڈی فرحان اصلم کا کہنا تھا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس ڈرائیونگ کرنیوالوں کیخلاف کاروائی کیلئے خصوصی ناکہ جات و چیکنگ پکٹس قائم کر دی گئی ہیں۔شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ضلع بھر میں 6ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سینٹرزکے علاوہ ٹریفک چوکیوں اورخدمت مراکز میں لائسنسنگ سہولیات فراہم کی گئی ہیں.

جبکہ دور دراز سے تعلق رکھنے والے شہریون کو آؤٹ ریچ پروگراہم کے تحت موبائل لائسنسنگ وینز کے ذریعے انکی دہلیز پر لائسنسنگ سہولیات بھی دی جا رہی ہیں۔ جسمیں موٹر سائیکل سواروں کو خصوصی ریلیف کے تحت فوری طور پر ڈرائیونگ لرنر پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے جارہے ہیں جبکہ اتوار کے دن رکشہ ڈرائیورز کیلئے خصوصی طور پر مختص کرتے ہوئے انھیں لائسنسنگ سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی و موٹر سائیکل چلانا قانوناً جرم ہے جسکے خلاف سخت کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے لہذاشہری کسی قسم کی قانونی کاروائی سے بچنے کیلئے فوری اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں کیونکہ دوران ڈرائیونگ ڈرائیور کے پاس ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا خود مختار ڈرائیونگ کی پہچان ہے۔