راولپنڈی پولیس کی کارروائی: لڑکی سے زیادتی اور خاتون پر تشدد کے ملزمان گرفتار

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) تھانہ وارث خان اور بنی تھانہ پولیس نے خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کے دو الگ الگ مقدمات میں فوری کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر تین ملزمان کو گرفتار کر لیا تفصیلات کے مطابق، وارث خان پولیس نے 16 سالہ لڑکی سے زیادتی کے الزام میں 2 افراد کو حراست میں لیا۔ مدعیہ مقدمہ (متاثرہ لڑکی کی والدہ) نے بتایا کہ اس کی بیٹی بازار گئی تھی جہاں ملزمان اسے زبردستی اپنے گھر لے گئے اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے لڑکی کا میڈیکل کروایا دوسری طرف، تھانہ بنی پولیس نے ایک خاتون پر تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا۔ مدعیہ کے مطابق، ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اس کے بیٹے کو زدوکوب کیا اور خاتون کے منع کرنے پر اسے زخمی کر دیا۔

ایس پی راول سعد ارشد کا کہنا تھا کہ “خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی، تشدد یا ہراسمنٹ ناقابل برداشت ہے۔” انہوں نے مزید بتایا کہ تمام ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس طرح کے واقعات کی فوری اطلاع دیں۔