راولپنڈی (کرائم رپورٹر)وحید احمد، اقراء ڈرائیونگ سکول کے زیرِ اہتمام روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے متعلق ایک جامع آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس پی غازی فیصل سلیم، ریجنل آفیسر پنجاب ہائی وے پٹرول راولپنڈی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ سیمینار میں ڈرائیونگ سکول کے مرد و خواتین طلبہ، انسٹرکٹرز اور دیگر متعلقہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر ریجنل آفیسر راولپنڈی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے روڈ سیفٹی، ٹریفک قوانین کی اہمیت اور محفوظ ڈرائیونگ کے بنیادی اصولوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری ایک مہذب معاشرے کی پہچان ہے اور ان اصولوں پر عمل درآمد نہ صرف انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے بلکہ سڑکوں پر نظم و ضبط کے قیام میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ ڈرائیونگ کے دوران احتیاط، صبر اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ہر حال میں قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ریجنل آفیسر نے مزید کہا کہ زیادہ تر ٹریفک حادثات انسانی غفلت، تیز رفتاری اور قوانین سے لاپرواہی کے باعث پیش آتے ہیں، جن سے بچاؤ صرف شعور، تربیت اور قانون کی پابندی سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے نوجوان ڈرائیورز پر زور دیا کہ وہ دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں، سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور دیگر روڈ یوزرز کے حقوق کا بھی خیال رکھیں۔
اقراء ڈرائیونگ سکول کی جانب سے عوامی آگاہی کے اس مثبت اور تعمیری اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرامز معاشرے میں ذمہ دار ڈرائیونگ کلچر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول راولپنڈی ریجن شاہراہوں کو محفوظ بنانے، حادثات کی شرح میں کمی لانے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی پیشہ ورانہ خدمات پوری لگن اور ذمہ داری کے ساتھ جاری رکھے گا۔آخر میں شرکاء نے اس آگاہی سیمینار کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے اور محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔

