موٹروے پولیس کے ترقی پانے والے افسران میں رینک بیجز تقسیم، 33 خواتین افسران بھی شامل

اسلام آباد (کرائم رپورٹر)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ترقی پانیوالے افسران کو رینک لگانے کی تقریب آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے ترقی پانیوالے افسران کو رینک لگائے۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی محکمانہ پروموشن کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں حال ہی میں اسسٹنٹ پیٹرول آفیسر کے عہدے پر ترقی پانے والے افسران کو رینک بیجز لگانے کی پروقار تقریب سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری تھے، جبکہ ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، سینئر افسران اور ملازمین نے تقریب میں شرکت کی۔تقریب کے دوران آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے 33خواتین سمیت 447 اسسٹنٹ پیٹرول افسران میں سے 52 ترقی پانے والے فسران کو رینک بیجز لگائے اور انہیں مبارکباد پیش کی۔

اسی طرح ایڈیشنل آئی جیز اور ڈی آئی جیزر یجنل اور زونل ہیڈکوارٹرز میں ترقی پانے والے دیگر اسسٹنٹ پیٹرول افسران کو ترقی کے بیجز لگائیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے کہا کہ افسران کی ترقی ان کی محنت، لگن اور بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کا اعتراف ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ترقی پانے والے افسران دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ خدمت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے اور اپنے عملی کردار سے ادارے کی نیک نامی میں مزید اضافہ کریں گے۔

آئی جی موٹروے پولیس نے کہا کہ سروس میں ترقی ایک اہم سنگِ میل ہے، جو افسران پر مزید ذمہ داریاں عائد کرتی ہے اور عوامی خدمت کے تقاضوں کو بڑھا دیتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے افسران اپنی بہترین حکمتِ عملی اور مؤثر کاوشوں کے ذریعے ٹریفک کے نظم و ضبط اور عوامی سہولیات کے معیار میں مزید بہتری لائیں گے۔سلطان احمد چوہدری نے مزید کہا کہ کسی بھی ادارے کی کامیابی میں تربیت کا بنیادی کردار ہوتا ہے، اسی لیے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اپنے افسران کو معیاری اور جدید تربیت فراہم کرنے کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس کی اچھی شہرت خوش اخلاقی، قانون کے بلاامتیاز نفاذ اور عوام کی بروقت مدد کا نتیجہ ہے۔

عوام کا موٹروے پولیس پر جو اعتماد قائم ہے، اسے مزید مضبوط بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس نے بتایا کہ ترقی پانے والے افسران کا تعلق پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے ہے۔