جون 2026، سالانہ مہنگائی 11.1 فیصد، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ برقرار

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) ادارہ شماریات نے جون 2026 کے مہنگائی سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق ملک میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں معمولی کمی جبکہ سالانہ بنیاد پر دو ہندسوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ شماریات کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق جون 2026 میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 0.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 11.1 فیصد رہی۔ گزشتہ ماہ مئی 2026 میں یہ شرح 11.7 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق شہری علاقوں میں سالانہ مہنگائی کی شرح 11.2 فیصد رہی جبکہ ماہانہ بنیاد پر 0.5 فیصد کمی دیکھی گئی، دیہی علاقوں میں سالانہ مہنگائی 10.9 فیصد ریکارڈ کی گئی، اسی طرح حساس قیمتوں کے اشاریے (SPI) میں سالانہ بنیاد پر 12.8 فیصد اضافہ سامنے آیا۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک ماہ کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 90 فیصد، پیاز میں 21 فیصد اور آلو میں 18 فیصد اضافہ ہوا، تازہ سبزیوں کی قیمتیں 12.5 فیصد، آٹا 2.2 فیصد اور گھی 1.9 فیصد مہنگا ہوا۔ اس کے برعکس چکن 22 فیصد اور انڈے تقریباً 11 فیصد سستے ہوئے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 فیصد اور بجلی کے بلوں میں 4.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

سالانہ بنیاد پر گندم 65 فیصد اور آٹا 55 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ ٹماٹر کی قیمت میں 52 فیصد اور پیاز میں 60 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، رپورٹ کے مطابق گوشت، دودھ سے تیار کردہ مصنوعات اور بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیاد پر آلو 40 فیصد، انڈے 33 فیصد اور چینی 16 فیصد سستی ہوئی، تاہم ایل پی جی کی قیمت میں 60 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ٹرانسپورٹ، پیٹرول، بجلی اور گیس کے نرخوں میں بھی سالانہ بنیاد پر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔