گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نمازِ جنازہ ادا، مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) اسلام آباد میں ایک خاتون کو بچانے کے دوران شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے افسر گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نمازِ جنازہ آج ادا کر دی گئی، جس کے بعد انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نمازِ جنازہ میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، پاک فضائیہ کے سینئر افسران، جوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید افسر کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی عظیم قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قربانی پاکستان ایئر فورس اور پاکستان کی مسلح افواج کی بہترین روایات کی عکاس ہے، انہوں نے کہا کہ شہید افسر نے ایک شہری کی جان بچاتے ہوئے فرض شناسی، جرات اور ایثار کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

ایئر چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ نہ صرف وطن کے دفاع بلکہ شہریوں کی جان، عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے بھی ہر وقت پرعزم ہے، ظہیر بابر سدھو کا مزید کہنا تھا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی بے مثال قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر رہے گی۔