اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسلام آباد کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (ICHS) کی سابقہ انتظامیہ اور نجی لینڈ پرووائیڈر کے خلاف زمین کی خریداری میں مبینہ جعلسازی، دھوکہ دہی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور 100 کروڑ روپے سے زائد مالی نقصان کے الزامات پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق کارپوریٹ کرائم سرکل اسلام آباد کی جانب سے انکوائری نمبر RE-59/2020 کے بعد مقدمہ درج کیا گیا، جس میں سوسائٹی کے سابق مینجمنٹ کمیٹی ارکان اور نجی لینڈ پرووائیڈر احسان الحق سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمہ کے مطابق مبینہ طور پر 17 جون 2005 کو موضع رتوال اور بانگو، تحصیل فتح جنگ، ضلع اٹک میں 3 ہزار کنال اراضی خریدنے کے لیے معاہدہ کیا گیا، جس میں زمین کی قیمت 3 لاکھ 65 ہزار روپے فی کنال مقرر کی گئی، تاہم معاہدے کے تحت مجموعی طور پر 1,051 کنال اور 15 مرلہ زمین سوسائٹی کو منتقل کی گئی۔
مزید پڑھیں : سواں گارڈن فیز ٹو میں مبینہ کرپشن کا بڑا اسکینڈل بے نقاب، 10 افراد مقدمے میں نامزد
ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ زمین کی اصل مارکیٹ قیمت اس وقت تقریباً 2 لاکھ 61 ہزار روپے فی کنال تھی، جبکہ بعض اراضی مقامی مالکان سے مبینہ طور پر 1 لاکھ 12 ہزار روپے فی کنال کے حساب سے خریدی گئی ، مزید الزام ہے کہ بعد ازاں اسی علاقے میں زمین کے دوسرے معاہدے 3 لاکھ 15 ہزار اور 2 لاکھ 60 ہزار روپے فی کنال کے نرخوں پر کیے گئے، جس سے ابتدائی معاہدے میں قیمت بڑھا کر مقرر کیے جانے کے شبہات سامنے آئے۔
مقدمے کے مطابق مبینہ طور پر سابقہ انتظامیہ نے نجی لینڈ پرووائیڈر کے ساتھ ملی بھگت کرکے زمین کی قیمت غیر معمولی طور پر بڑھائی اور اس عمل سے سوسائٹی کو 100 کروڑ روپے سے زائد کا مالی نقصان پہنچایا، جبکہ بعض افراد کو ذاتی مالی فوائد حاصل ہوئے ، مقدمے میں سابق مینجمنٹ کمیٹی کے متعدد عہدیداروں سمیت خالد وسیم، محمد شاہد، محمد رفیق، محمد لطیف، مہدی خان شکاری، محمود احمد چوہدری اور محمود اختر کے نام شامل کیے گئے ہیں.
جبکہ نجی لینڈ پرووائیڈر احسان الحق اور محمد نواز کے خلاف بھی کارروائی کا ذکر کیا گیا ہے ، ایف آئی اے نے مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 420، 468، 471 اور 109 سمیت پریوینشن آف کرپشن ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا ہے، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے دوران مزید افراد کے کردار اور ممکنہ ملوث ہونے کا تعین کیا جائے گا۔

