آزاد کشمیر کی 21 نشستوں پر کل پولنگ، الیکشن کمیشن کے تمام انتظامات مکمل

مظفرآباد (بیورو رپورٹ) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 21 انتخابی نشستوں پر پولنگ کل (2 اگست) ہوگی، جس کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کرتے ہوئے پولنگ سٹیشنز پر انتخابی سامان اور عملے کی ترسیل کا آغاز کر دیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 21 نشستوں پر 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 8 لاکھ 9 ہزار 621 ووٹرز ووٹ ڈالیں گے، جن میں ضلع نیلم کی دو نشستوں پر ایک لاکھ 51 ہزار 911، ضلع جہلم ویلی کی دو نشستوں پر ایک لاکھ 77 ہزار 500 اور ضلع مظفرآباد کی پانچ نشستوں پر 4 لاکھ 80 ہزار 219 ووٹرز شامل ہیں۔

مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 208 امیدوار جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار مدِمقابل ہیں، مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں 1483 پولنگ اسٹیشنز اور 2219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کے لیے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8، حساس پولنگ اسٹیشنز پر 6 جبکہ نارمل پولنگ اسٹیشنز پر 4 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ ضلع مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

انتخابی حلقوں میں نمایاں مقابلوں میں ایل اے 25 اور ایل اے 26 نیلم میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار آمنے سامنے ہیں، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار بھی میدان میں موجود ہیں۔ اسی طرح مظفرآباد کے حلقہ جات ایل اے 27 سے ایل اے 33 تک بھی مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان سخت انتخابی مقابلے متوقع ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن جبکہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں پولنگ ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، مہاجرین کشمیر راولپنڈی کی 3 نشستوں پر انتخابی اکھاڑہ سج گیا، مہاجرین 3 نشستوں پر کل 35 امیدوار ہیں، جن میں 4 خواتین امیدوار بھی انتخابی میدان میں اتر گئیں۔

ان تین نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 27907 ووٹ ہیں، جن میں 14917 مرد اور 12990 خواتین کے ووٹ ہیں۔ علاوہ ازیں کل 175 پولنگ سٹیشنز میں سے 31حساس قرار دیے گئے ہیں جب کہ سخت ترین ضابطہ اخلاق لاگو کرتے ہوئے غیر متعلقہ افراد کے پولنگ اسٹیشن میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

کشمیر کی ان نشستوں کے لیے پولنگ کل اتوار 2 اگست صبح 8 تا 5 بجے ہوگی، اس سلسلے میں پولنگ سٹیشنز کے اطراف 500 میٹرز تک پولنگ کیمپ لگانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، علاوہ ازیں پولنگ سٹیشنز کے سامنے یا باہر نعرے بازی اور ریلیوں یا احتجاج پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، ان 3 نشستوں پر انتخابات کے لیے وادی 4 سب سے چھوٹا حلقہ ہے، جہاں سب سے کم 3346 ووٹ ہیں جب کہ وادی 5 میں 3804 ووٹ اور جموں 6 میں کل 20807 ووٹ ہیں۔

انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، استحکام پارٹی اور جماعت اسلامی کے امیدوار اکھاڑے میں ہیں جب کہ 4 ہزار پولیس اہلکار تعینات کرکے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

گجرات :

گجرات میں حلقہ ایل اے 38 جموں 5 کے لیے 50 ہزار 225 رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، اس حلقے میں مجموعی طور پر 115 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں گجرات، وزیرآباد اور منڈی بہاؤالدین کے پولنگ سٹیشن شامل ہیں۔

نارووال :

نارووال میں حلقہ ایل اے 37 جموں 4 کے لیے ایک لاکھ 11 ہزار 203 رجسٹرڈ ووٹرز ووٹ ڈالیں گے، جن میں 63 ہزار 919 مرد اور 47 ہزار 284 خواتین شامل ہیں، ضلع بھر میں 185 پولنگ سٹیشن اور 317 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، اس نشست پر 11 امیدوار میدان میں ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی مریم جاوید اور مرکزی مسلم لیگ کے عثمان علیم کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔

چنیوٹ :

چنیوٹ میں چار پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں مجموعی طور پر 410 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، ضلع میں پریذائیڈنگ افسران کو انتخابی سامان کی تقسیم جاری ہے۔

بہاولنگر :

بہاولنگر میں بھی دو مہاجرین نشستوں، ایل اے 34 جموں ون اور ایل اے 42 کشمیر ویلی تھری، کے لیے پولنگ کا سامان سخت سکیورٹی میں متعلقہ پولنگ سٹیشنز تک پہنچایا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔