اوگرا نے جولائی کے لیے ایل این جی کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ کر دیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جولائی کے لیے ایل این جی کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے تحت ایل این جی کی فروختی قیمت میں 6.45 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک اضافہ کیا گیا ہے۔

اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) کے لیے ایل این جی کی فروختی قیمت 25.83 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے، جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کے لیے قیمت 25.80 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال اور عالمی توانائی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان کو جولائی کے دوران اسپاٹ مارکیٹ سے پانچ مہنگے ایل این جی کارگوز خریدنے پڑے، جس کے نتیجے میں جون کے مقابلے میں جولائی کے لیے ایل این جی کی فروختی قیمت میں غیر معمولی اضافہ سامنے آیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایل این جی کی قیمت میں اس اضافے کے اثرات صنعتی شعبے، بجلی کی پیداوار اور گیس استعمال کرنے والے صارفین پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں، جبکہ توانائی کی مجموعی لاگت میں اضافے کا امکان ہے۔