راولپنڈی (سپیشل رپورٹر) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا اور پیداواری صلاحیتوں اور برآمدی امکانات کا جائزہ لیا ،آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پی او ایف کے آپریشنز اور پیداواری سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے مقامی طور پر تیار کردہ اسلحے اور گولہ بارود کے ٹیسٹ اور ٹرائلز کا مشاہدہ کیا۔

پی او ایف ملکی دفاع کے لیے مختلف اقسام کے فوجی سازوسامان کی مقامی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، پی او ایف میں مقامی سطح پر اسلحہ اور گولہ بارود کی تیاری کے ذریعے دفاعی خود انحصاری کو فروغ دیا جا رہا ہے ، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ڈی آئی پی آر اے آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پی او ایف کی کارپوریٹائزیشن کے عمل پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، پی او ایف میں انڈیجنائزیشن اور اپ گریڈیشن کے لیے دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پی او ایف کے دو نئے صنعتی پلانٹس رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع کرنے کا امکان ہے، دورے کے دوران دفاعی پیداوار میں خود انحصاری، مقامی تیاری اور تکنیکی جدت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

