کھنہ پل تا کرال چوک سڑک منصوبہ، زیرِ زمین غیر قانونی ٹیوب ویلز کی پائپ لائنز برآمد، 4 ٹیوب ویلز سیل

اسلام آباد (احسان بخاری/سپیشل رپورٹر) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سی ڈی اے کی جانب سے کھنہ پل سے کرال چوک تک زیر تعمیر سڑک کے منصوبے کے دوران زیر زمین غیر قانونی ٹیوب ویلز کی پائپ لائنز نکل آنے کا انکشاف ہوا ہے ، ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 غیر قانونی ٹیوب ویل سیل کر دیے۔

ذرائع کے مطابق سی ڈی اے نے کھنہ پل سے کرال چوک تک نئی سڑک کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا ہے ، ٹھیکے دار نے کام کا آغاز کر دیا تھا کہ کھدائی کے دوران کھنہ پل اور کرال چوک کے جنگلات والے علاقے سے زیر زمین بچھائی گئی غیر قانونی ٹیوب ویلز کی پائپ لائنز برآمد ہو گئیں۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ ٹیوب ویلز سی ڈی اے کے بعض افسران کی مبینہ ملی بھگت سے لگائے گئے تھے ، انہی ٹیوب ویلز کے ذریعے ٹینکر مافیا شہریوں کو مہنگے داموں پانی سپلائی کر رہا تھا۔

اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے پولیس کے ہمراہ مشترکہ چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے تمام غیر قانونی ٹیوب ویلز کو سیل کر دیا ، انتظامیہ کے مطابق غیر قانونی طور پر پانی فروخت کرنے والے ٹینکر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ سرکاری اراضی اور قدرتی وسائل کے غیر قانونی استعمال کا سدباب ہو سکے ، سی ڈی اے حکام سے اس حوالے سے موقف لینے کی کوش کی گئی لیکن تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔