کراچی (ویب ڈیسک) واٹس ایپ صارفین کے لیے اہم خبر ہے کہ میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ میں جلد پیغامات شیڈول کرنے کا فیچر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنے پیغامات مخصوص تاریخ اور وقت پر خودکار طور پر بھیج سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے نئے بیٹا ورژن میں شیڈول میسجز کا فیچر دیکھا گیا ہے، اس وقت یہ سہولت محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے ، اس فیچر کے ذریعے صارفین کو پیغام لکھنے کے بعد اس کی تاریخ اور وقت مقرر کرنا ہوگا، جس کے بعد پیغام طے شدہ وقت پر خودکار طور پر بھیج دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر انفرادی اور گروپ چیٹس میں استعمال کیا جا سکے گا، جبکہ صارفین ٹیکسٹ پیغامات، لنکس، تصاویر اور ویڈیوز بھی شیڈول کر سکیں گے ، نئے فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اپنا پیغام لکھنے کے بعد سینڈ آئیکون کو دبانے کے بجائے کچھ دیر دبا کر رکھنا ہوگا، اس کے بعد ایک باکس ظاہر ہوگا جس میں پیغام بھیجنے کی تاریخ اور وقت منتخب کیا جا سکے گا، تاہم یہ آپشن صرف ان صارفین کو نظر آئے گا جن کے لیے یہ فیچر فعال ہوگا۔
WABetaInfo کے مطابق صارفین 10 منٹ سے لے کر دو ہفتے تک کے عرصے کے لیے پیغامات شیڈول کر سکیں گے، شیڈول کیے گئے پیغامات چیٹ اِنفو ۔سکرین میں دیکھے جا سکیں گے، جہاں سے انہیں ڈیلیٹ کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
فی الحال یہ فیچر آزمائشی مرحلے میں ہے اور محدود صارفین کو دستیاب ہے، واٹس ایپ کی جانب سے اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، اس لیے عام صارفین تک اس کی رسائی کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا ممکن نہیں۔

