Tariq Fazal Choudhary Capitalnewspoint.com

ایمرجنسی کا مقصد دہشتگردی کا خاتمہ ہے، معدنیات سے جوڑنا قابل مذمت ہے . طارق فضل چودھری

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی معدنیات عوام کی ہیں اور عوام کی ہی رہیں گی ، وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کا بنیادی مقصد دہشت گردی کا خاتمہ اور متاثرہ اضلاع میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ صوبے کے 12 متاثرہ اضلاع سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا، جبکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں بھی مزید تیزی آ رہی ہے، متاثرہ اضلاع سے آبادی کی نقل مکانی نہیں ہوگی اور ان علاقوں میں صوبائی حکومت کی عمل داری قائم کی جائے گی ، وفاقی وزیر پارلیمانی کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کے معاملے کو معدنیات سے جوڑنا قابل مذمت ہے، خیبر پختونخوا کی معدنیات عوام کی ملکیت ہیں اور عوام کی ہی رہیں گی۔

طارق فضل چودھری نے کہا کہ معدنیات کے لائسنسز کے اجرا سے متعلق شفاف تحقیقات کی جائیں گی، دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے بجائے امن کے قیام کے لیے اقدامات کی حمایت کی جانی چاہیے ، اُن کا خیبر پختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے کرپشن کے سوا کچھ نہیں کیا۔

سیاسی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ محمود اچکزئی کے معاملے پر اپوزیشن تقسیم ہے اور اپوزیشن کی اکثریت محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتی، وہ پارلیمنٹ میں آ کر اپنی پوزیشن کی وضاحت کریں۔

طارق فضل چودھری نے مولانا فضل الرحمان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردی کے معاملے پر اپنا مؤقف واضح کریں، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوئے اور حکومت بامقصد گفتگو کے لیے تیار ہے ، ان کا کہنا مزید تھا کہ اپوزیشن اگر سنجیدہ اور بامقصد مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو اسے خوش آمدید کہا جائے گا۔