تہران (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ایران کی پارلیمنٹ نے مہرداد اخلاقی کو وزیر دفاع اور مسلح افواج کی لاجسٹکس کا نیا وزیر منظور کرلیا ، ایرانی میڈیا کے مطابق ان کے حق میں 237 جبکہ مخالفت میں 15 ووٹ ڈالے گئے ، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے 5 اکتوبر کو مہرداد اخلاقی کو وزارت دفاع کے لیے نامزد کیا تھا، جس کی پارلیمنٹ نے منظوری دے دی۔
ایرانی وزیر دفاع نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف دوبارہ جارحیت کی گئی تو بھرپور اور حیران کن جواب دیا جائے گا ، مہرداد اخلاقی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی افواج کو بحفاظت خطے سے نکالنے پر توجہ دیں ، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ٹرمپ نے بمباری کی تو امریکی فوجیوں کی لاشیں تابوتوں میں واپس جائیں گی۔
ایرانی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اگر ٹرمپ نے ایران کو دی گئی دھمکیوں پر عمل کیا تو انہیں اس کے نتائج بھی بھگتنا ہوں گے ، ایران کے خلاف کسی بھی نئی جارحیت کے علاقائی اور عالمی نتائج کی ذمہ داری امریکا اور اس کے اتحادیوں پر عائد ہوگی۔
مہرداد اخلاقی کا کہنا تھا کہ 12 روزہ جنگ کے بعد ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے اور بدلتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا جاتا رہے گا ، واضح رہے کہ مہرداد اخلاقی نے سابق وزیر دفاع عزیز ناصر زادہ کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، جو تہران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں میں شہید ہوگئے تھے۔

