اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا مالدیپ کی وزیر خارجہ اریتھشام آدم سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، مالدیپ کی وزیر خارجہ اس وقت دولتِ مشترکہ کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں شرکت کے لیے اینٹیگوا و باربوڈا میں موجود ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کی وزیر خارجہ نے مالدیپ کے صدر اور ان کے وفد کے حالیہ دورہ اسلام آباد کے دوران پرتپاک میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ، دونوں وزرائے خارجہ نے طے پانے والی مفاہمت پر عمل درآمد آگے بڑھانے اور قریبی روابط برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ، ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دولتِ مشترکہ کے اجلاس کے ایجنڈے اور کثیرالجہتی تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

