واشنگٹن (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جنگ کے بیشتر عرصے میں امریکا نے حقیقتاً لڑائی نہیں کی، ایران کو مکمل طور پر تباہ نہ کرنے پر بعض لوگ ان سے ناراض ہیں ، اپنے ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے، دیکھتے ہیں اس حوالے سے کیا پیش رفت ہوتی ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایک لحاظ سے ایران میں حکومت کی تبدیلی کرچکے ہیں، ایران میں دو مرتبہ نظام حکومت تبدیل کیا جاچکا ہے ، امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ میں صرف 18 امریکی ہلاک ہوئے، جبکہ دوسرے ممالک کی جنگوں میں ہزاروں ہلاکتوں پر کوئی سوال نہیں اٹھاتا۔
مڈٹرم انتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ڈیموکریٹس کی کامیابی سے متعلق ایلون مسک کے انتباہ کو غلط نہیں سمجھتا۔ اگر ڈیموکریٹس انتخابات جیت گئے تو وہ ’’مسٹر ویٹو‘‘ بن جائیں گے اور ہر قانون سازی کو ویٹو کردیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات کے محفوظ انعقاد پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ریپبلکنز ایوان نمائندگان، سینیٹ اور صدارتی انتخاب ہار گئے تو امریکا ختم ہوجائے گا ، افغانستان سے امریکی انخلا سے متعلق ٹرمپ نے کہا کہ امریکی افواج کا افغانستان سے انخلا باعزت طریقے سے ہونا چاہیے تھا۔

