جے یو آئی اسلام آباد کے امیر مولانا اویس عزیز کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے جمعیت علمائے اسلام (ف) اسلام آباد کے امیر مولانا اویس عزیز کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ، عدالت نے پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے مقدمے کی سماعت کے دوران یہ حکم جاری کیا ، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی ، اس موقع پر مولانا اویس عزیز کے وکیل سینیٹر کامران مرتضیٰ عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت وکیل صفائی کامران مرتضیٰ نے مؤقف اختیار کیا کہ محب وطن لوگوں پر بھی دہشت گردی کی دفعات لگائی جا رہی ہیں ، ہم آئین پاکستان کے وفادار ہیں اور پورے ایونٹ کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ، انہوں نے کہا کہ پولیس نے واقعے کے تین روز بعد ایف آئی آر درج کی۔

کامران مرتضیٰ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو اشتعال دلانے کی ترغیب دی گئی تھی تو وہ لوگ کہاں ہیں؟ جن افراد کو گھروں میں محصور کرنے کا الزام لگایا جا رہا ہے، ان کے بیانات کہاں ہیں؟ سرکاری گاڑی کے شیشے ٹوٹنے کا ذکر کیا گیا ہے تو اس کے ثبوت کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اگر شواہد موجود ہیں تو عدالت ریمانڈ دے، بصورت دیگر یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

وکیل صفائی کا مزید کہنا تھا کہ مسجد میں نماز پڑھانے اور قرآن پاک کی تعلیم دینے والے شخص کو دہشت گرد بنا دیا گیا ہے ، دوسری جانب پراسیکیوٹر راجہ نوید حسین نے عدالت کو بتایا کہ ایونٹ کے دوران جی ٹی روڈ بند کرنے کی ترغیب دی گئی، لوگوں کو گھروں میں محصور کیا گیا اور خوف و ہراس پھیلایا گیا۔ پراسیکیوٹر نے مزید تفتیش کے لیے مولانا اویس عزیز کا 30 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔

واضح رہے کہ مولانا اویس عزیز کے خلاف تھانہ سنگجانی اسلام آباد میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے ، عدالت نے دلائل سننے کے بعد ان کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔