اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود نے ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کیپٹن (ر) ظفر اقبال کے ہمراہ اسلام آباد کے مختلف رہائشی سیکٹرز کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران G-14، G-15/3 اور F-14/F-15 میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں، اراضی کے حصول، قبضے اور شہری سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا ، متعلقہ ڈائریکٹرز، پراجیکٹ ڈائریکٹرز، ڈپٹی کمشنر (LAC) اور ٹیکنیکل اسٹاف نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو مختلف امور پر بریفنگ دی۔
G-14/2-3 میں حالیہ حاصل کی گئی اراضی اور قبضے کا معائنہ کرتے ہوئے سیکرٹری ہاؤسنگ نے بجلی، گیس، سڑکوں، ہارٹیکلچر اور بارش کے پانی کو محفوظ بنانے سمیت بنیادی سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے G-14/1 میں پوزیشن اور ترقیاتی کاموں سے متعلق ٹینڈرنگ کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، جبکہ G-14/2-3 میں موجود مساجد کی قانونی حیثیت واضح کرنے کے لیے محکمہ اوقاف کے ساتھ رابطہ کرنے پر بھی زور دیا۔
G-15/3 کے دورے میں سیکرٹری ہاؤسنگ نے غیر قانونی قبضوں کے خاتمے کے لیے قانون کے مطابق کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی ، انہوں نے مرکزی سڑکوں کو G-14 سے منسلک کرنے، جی ٹی روڈ تک بہتر رابطہ قائم کرنے، اہم شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹس اور مناسب مقامات پر سائن بورڈز نصب کرنے کے اقدامات کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا کہا۔
F-14/F-15 میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے بارش کے پانی کی نکاسی اور مستقبل کے واٹر مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ، سیکرٹری ہاؤسنگ نے مختلف مقامات پر چیک ڈیمز تعمیر کرنے، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور جدید رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم متعارف کرانے کی ہدایت کی تاکہ پانی کے ضیاع کو کم اور زیرِ زمین پانی کی سطح میں بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے باقی ماندہ پلاٹس کا قبضہ جلد حاصل کرنے اور حالیہ بارشوں سے متاثر یا تاخیر کا شکار ہونے والے ترقیاتی کام فوری مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ F-14 کے داخلی دروازے کے لیے جدید شہری منصوبہ بندی کے تقاضوں کے مطابق مناسب ڈیزائن اور پلان تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔
گرین انکلیو-I منصوبے پر اہم اجلاس :
بعد ازاں FGEHA ہیڈ آفس میں گرین انکلیو-I منصوبے کو قابلِ عمل بنانے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جنرل منیجر NESPAK، پروجیکٹ ڈائریکٹر گرین انکلیو-I محسن سردار اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ، سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے منصوبے کے تکنیکی، مالی اور انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لے کر قابلِ عمل اور کم لاگت حل تجویز کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی۔
ٹیم میں وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے جوائنٹ انجینئرنگ ایڈوائزر، ڈائریکٹر ٹیکنیکل FGEHA، پروجیکٹ ڈائریکٹر گرین انکلیو-I اور جنرل منیجر NESPAK شامل ہوں گے ، ٹیم کو دو روز کے اندر جامع سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ منصوبے پر مؤثر انداز میں پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔
اس موقع پر ڈی جی FGEHA کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے کہا کہ وفاقی سرکاری ملازمین کو بہتر، محفوظ اور معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے اتھارٹی کے منصوبوں میں ترقیاتی سرگرمیاں مقررہ اہداف کے مطابق مکمل کی جائیں گی۔
سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے FGEHA کے افسران اور ملازمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر ان سیکٹرز کو جدید، خوبصورت، ماحول دوست اور معیاری رہائشی علاقوں میں تبدیل کیا جائے گا۔

