امریکا ایران جنگ بندی کیلئے سفارتی کوششیں جاری، امید نہیں چھوڑی. وزیراعظم شہباز شریف

نیویارک (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور خطے میں امن کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس حوالے سے امید نہیں چھوڑی ، نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں حقِ ترقی کے اعلامیے کی 40ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہر انسان کو بہتر مستقبل کی تلاش اور ترقی کا حق حاصل ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حقِ ترقی کے اعلامیے نے 40 سال قبل ترقی کو عوام کا ناقابلِ تنسیخ حق تسلیم کیا تھا ، ان کے مطابق ترقی کا مقصد صرف دولت کا حصول نہیں بلکہ سماجی ترقی، انسانی وقار کے تحفظ اور عوام کی بہتر زندگی کو یقینی بنانا ہونا چاہیے۔

وزیراعظم نے ترقی پذیر ممالک کو درپیش معاشی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قرضوں کی ادائیگی ترقیاتی منصوبوں کے لیے دستیاب مالی گنجائش کو محدود کر رہی ہے، جس کے باعث ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں ، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے سفارتی سطح پر کوششیں کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امن کی کوششوں سے امید نہیں چھوڑی اور فریقین کے درمیان جنگ بندی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا ، وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور اس مقصد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔