اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی درخواست پر کیریک ٹرنچ-III منصوبے پر پیش رفت اور درپیش امور کے حل کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کی۔
اجلاس میں راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیان رابطہ بہتر بنانے کے لیے جاری منصوبے کے چاروں حصوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین نے منصوبے پر عمل درآمد کی صورتحال پر بریفنگ دی ، اجلاس میں زمین کے حصول اور متاثرین کی بحالی سے متعلق امور، منصوبے کی بروقت تکمیل اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے تقاضوں کے مطابق ضروری اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے، متعلقہ امور کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ، اجلاس میں قومی اسمبلی کے اراکین سردار عمار احمد خان لغاری, سردار ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن خان دریشک اور سردار شمشیر علی مزاری ، کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چودھری سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

