Member CDA Afnan Alam Capitalnewspoint.com

سی ڈی اے میں 10 پلاٹوں کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ، سابق ڈی جی لینڈ سمیت افسران کے خلاف مقدمہ

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ایف آئی اے نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) میں 10 رہائشی پلاٹوں کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ اور جعلسازی کے معاملے پر سابق ڈی جی لینڈ افنان عالم، سابق ڈائریکٹر لینڈ سدرہ انوار، عرفان اللہ سمیت دیگر افسران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے انکوائری نمبر 35/2024 مکمل ہونے کے بعد بورڈ کی منظوری سے سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ لینڈ اینڈ ری ہیبلیٹیشن میں مبینہ جعلسازی کے معاملے پر مقدمہ درج کیا ، ایف آئی آر میں سرکاری اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال اور غیر قانونی الاٹمنٹ کے الزامات بھی شامل ہیں۔

ایف آئی اے کی درج کردہ ایف آئی آر کے مطابق انکوائری کے دوران سیکٹر I-12/4 میں 30×60 فٹ کے 10 رہائشی پلاٹوں کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ کی نشاندہی ہوئی ، الزام ہے کہ یہ پلاٹ قانونی ورثا کے نام پر الاٹ کیے گئے، حالانکہ ایک ہی متاثرہ خاندان کو مبینہ طور پر دو مرتبہ بحالی کا فائدہ دیا گیا۔

انکوائری میں مبینہ جعلسازی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا ، ایف آئی اے کے مطابق ساجد اسلم نے 11 ستمبر 2017 کو پلاٹ کی الاٹمنٹ کے لیے درخواست جمع کرائی تھی، جبکہ انکوائری میں یہ بات سامنے آئی کہ متاثرہ شخص اسلم اس سے قبل ضلع ملتان میں سرکاری زمین حاصل کر چکا تھا۔

مقدمے میں سی ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر لینڈ عرفان اللہ، ایڈمن آفیسر اصغر علی، ڈیلنگ اسسٹنٹ فقیر محمد اور اصغر، سابق ڈی جی لینڈ افنان عالم اور سابق ڈائریکٹر لینڈ سدرہ انوار کو نامزد کیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق سابق ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے یاسر شاہ سمیت دیگر افراد کے کردار کا تعین بھی تفتیش کے دوران کیا جائے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سی ڈی اے میں ڈیپوٹیشن پر تعینات رہنے والے سابق ڈی جی لینڈ افنان عالم کو ماضی میں بھی پلاٹوں کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ اور منی لانڈرنگ کے الزامات سے متعلق ایک مقدمے میں گرفتار کیا جا چکا ہے ، انہیں سی ڈی اے میں تعیناتی کے دوران مبینہ کرپشن اور مبینہ طور پر اس رقم سے ای الیون سمیت دیگر علاقوں میں اپنی اہلیہ کے نام پر جائیدادیں خریدنے کے الزامات کا بھی سامنا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق ڈی جی لینڈ اس سابقہ مقدمے میں تقریباً ایک سال جیل میں گزار چکے ہیں اور اس وقت ضمانت پر ہیں، جبکہ مذکورہ مقدمہ تاحال زیرِ سماعت ہے ، سی ڈی اے میں پلاٹوں کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ کے حوالے سے حالیہ مقدمے کے اندراج کے بعد معاملے کی مزید تفتیش کی جائے گی، جس میں نامزد افسران اور دیگر متعلقہ افراد کے کردار کا تعین کیا جائے گا ، مقدمے میں عائد الزامات تاحال الزامات ہیں اور ان کا حتمی تعین قانونی کارروائی اور عدالتی فیصلے سے ہوگا۔