کراچی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) میئر کراچی اور رہنما پیپلزپارٹی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیاں جمہوری جدوجہد کا روشن باب ہیں ، 18 اکتوبر 2007 کے سانحہ کارساز کے شہداء کو 19 سال مکمل ہونے پر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جمہوریت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جیالوں کی قربانیاں آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں اور انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ کارساز پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک المناک واقعہ ہے، جس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے استقبال اور جمہوریت کی سربلندی کے لیے آنے والے کارکنوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،ان بہادر کارکنوں کی قربانیاں جمہوری جدوجہد کی تاریخ کا ایک روشن باب ہیں، جو آنے والی نسلوں کے لیے عزم، وفاداری اور ثابت قدمی کی علامت رہیں گی۔
میئر کراچی نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء کا لہو جمہوریت کے تحفظ، عوامی حقوق کی پاسداری اور آئین کی بالادستی کے لیے جدوجہد کی علامت ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جانثار کارکنوں نے اپنے نظریے اور جمہوری اصولوں سے غیرمتزلزل وابستگی کا مظاہرہ کیا، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ 19 سال گزرنے کے باوجود سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیاں قومی یادداشت کا حصہ ہیں، ان کی جدوجہد ہمیں اس عزم کی یاد دہانی کراتی ہے کہ جمہوری اقدار کے تحفظ، عوام کے بنیادی حقوق کی پاسداری اور آئین کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اُنہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سانحہ کارساز کے شہداء کے مشن اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی، شہداء کی قربانیاں جمہوریت کے استحکام کے لیے کام کرنے والے تمام افراد کے لیے مشعلِ راہ ہیں ، آخر میں میئر کراچی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سانحہ کارساز کے شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا کرے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

