آسٹریلوی فاسٹ بولر میگن شٹ 2 میچز کے لیے معطل، ادویات سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی

کینبرا (ویب ڈیسک) آسٹریلیا ویمن کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر میگن شٹ کو ضوابط کی خلاف ورزی پر 2 میچوں کے لیے معطل کر دیا گیا ، خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ میگن شٹ نے تجویز کردہ ادویات سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی کی، انہوں نے سپورٹس سائنس اور سپورٹس میڈیسن گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کی۔

میگن شٹ آسٹریلیا کی تجربہ کار دائیں ہاتھ کی فاسٹ بولر ہیں، جنہوں نے 2012 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا، وہ 2013 کے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر تھیں، 2020 کے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی آسٹریلیا کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، وہ بین الاقوامی کرکٹ میں دو ہیٹ ٹرک کرنے والی پہلی خاتون بولر ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ یہ پہلا واقعہ ہے جو کرکٹ مقابلوں سے باہر پیش آیا، میگن شٹ نے کارکردگی بہتر بنانے کے لیے دوا استعمال نہیں کی ، میگن شٹ نے سزا قبول کرتے ہوئے مقررہ ضوابط پر عمل نہ کرنے پر معذرت کی، ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ذمہ داری تسلیم کرتی ہیں اور اس معاملے میں مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے پر افسوس ہے۔

معطلی کے باعث میگن شٹ آج جمعرات کو سڈنی کے نارتھ سڈنی اوول میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور آخری مقابلے میں شرکت نہیں کر سکیں گی، وہ 31 اکتوبر کو ویمنز بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کی جانب سے میلبورن سٹارز کے خلاف سیزن کے افتتاحی میچ سے بھی باہر رہیں گی۔

واضح رہے کہ کھیلوں میں ادویات کے استعمال سے متعلق ضوابط کا مقصد کھلاڑیوں کی صحت کے تحفظ کے ساتھ ادویات کے استعمال میں شفافیت اور مقررہ قواعد کی پابندی یقینی بنانا ہے، طبی ضرورت کے تحت استعمال ہونے والی بعض ادویات کی لیے بھی کھلاڑیوں کو متعلقہ کھیلوں کے ادارے کو مطلع کرنا یا پیشگی اجازت حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے، ان ضوابط کی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے، چاہے دوا کا استعمال کھیل میں کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نہ کیا گیا ہو۔